تاجروں کیلیے خصوصی اسکیمیں ،اسٹیٹ بینک کے اقدام کی تعریف

172
حیدرآباد: اسمال ٹریڈر زکے صدر الطاف میمن سے اسسٹنٹ چیف منیجر اسٹیٹ بینک غلام رسول شاہ ملاقات کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے ترجمان کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان حیدرآباد کے اسسٹنٹ چیف منیجر سید غلام رسول شاہ نے صدر چیمبر محمد الطاف میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے ” کامیاب نوجوان پروگرام، بزنس فنانسنگ کے حوالے سے آسان فنانس اسکیمیں، وومن انٹرپرونئر، میرا پاکستان میرا گھر اور یوتھ لون سمیت دیگر حکومتی اسکیموں پر مکمل بریفننگ دی اور صدر چیمبر اور دیگر کاروباری حضرات سے ان تمام اسکیموں پر مثبت آگاہی مہم چلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر چیمبر محمد الطاف میمن نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شہریوں اور کاروباری حضرات کے لیے ان خصوصی اسکیموں کو متعارف کرانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنا بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اس موقع پر سابق صدر سلیم الدین قریشی، سمیڈا سب کمیٹی کے کنوینر اور سابق صدر دولت رام لوہانہ، رکن مجلس عاملہ محمد عارف میمن، سکندر علی راجپوت، محمد سہیل میمن، محمد فہد میاں، جاوید حسین قریشی، عرفان عاربیانی اور سمیڈا کے ریجنل بزنس کوآرڈی نیٹر فرقان مظہر موجود تھے۔