ہندو ئوںنے عوام کی خوشحالی کیلیے بھرپور کردار ادا کیا ،سادہ رام

224

باڈہ (پ ر) ہندو برادری کے روحانی پیشوا اور رہڑکی والے مرشد سائیں سادہ رام نے باڈہ پہنچ کر مقامی ہندو برادری کی جانب سے قائم مذہبی آستانہ ایس ایس ڈی دھام کا افتتاح کیا اور اس موقع پر جمع ہونے والے اپنے بھگتوں اور عقیدت مندوں کو اپنے درشن کروائے۔ رہڑکی سے باڈہ پہنچنے پر ہندو برادری کی جانب سے ڈوکری شہر سے لے کر باڈہ شہر تک مرشد سادہ رام کا پھول نچھاور کر کے استقبال کیا گیا ۔مرشد کی آمد پر ایس ایس ایس ڈی دھام کی گلی اور راستوں کو پھولوں اور رنگ برنگی بتیوں سے سجایا گیا تھا۔افتتاحی تقریب میں نصیرآباد، ڈوکری، رادھن اور لاڑکانہ شہر سے تعلق رکھنے والے ہندو برادری کے نوجوان، مرد، خواتین اور بچے ایس ایس ڈی دھام میں بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور اپنے مرشد کے درشن کیے اور ان سے آشیرواد لیا۔ اس موقع پر ہندو برادری سے خطاب کرتے ہوئے سائیں سادہ رام نے کہا کہ ہندو برادری سندھ کی پرامن، کاروباری اور قدیمی رہائش پذیر برادری ہے اس لیے اسے اپنی صفوں میں اتحاد قائم کر کے نہ صرف ہندو بھائیوں کی خوشحالی بلکہ ہر سندھی بھائی اور ہم وطن کی خوشحالی اور آسان زندگی کے لیے کوشاں رہنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے اپنے جنم بھومی، ماتر بھومی سندھ اور اس ملک کے عوام کی خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سازشی عناصر ہندو برادری کے لیے مسائل اور پریشانیاں پیدا کر رہے ہیں، لیکن ہمیں اپنے وطن سندھ اور پاکستان کے لیے ایسی مشکلات اور مصائب کا سامنا کرتے ہوئے ہمیں اپنی سندھ اور اپنی سرزمین پاکستان کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ہم ہر حال میں اس ملک کا حصہ بن کر رہیں گے اور ہمیشہ اپنے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کام کریں گے۔