وزیراعظم عمران خان اورمائیکروسافٹ کےبانی بل گیٹس کاٹیلی فونک رابطہ

244

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اورمائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کاٹیلی فونک رابطہ، بل گیٹس کی پولیو کے خاتمے کےلیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کی تعریف، وزیراعظم اوربل گیٹس کا مشترکہ مقاصد پرمل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔وزیراعظم اور بل گیٹس نے مشترکہ مقاصد پر ملکر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حالیہ کوششوں کو سراہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے خاص طور پر پاکستان میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے کام کر سراہا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس کے درمیان پاکستان میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے، کووڈ 19 وبائی امراض سے متعلق چیلنجوں کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں، پاکستان نے 2021ءمیں پولیو کیسز میں تیزی سے کمی کے ساتھ مسلسل مثبت پیش رفت دیکھی۔انہوں نے کہا کہ پورے سال میں پولیو کا صرف ایک کیس ریکارڈ کیا گیا، کورونا ویکسین کی منصفانہ، بروقت اور پیمانے پر فراہمی کی ضرورت ہے۔ کم آمدنی والے ممالک کو اس کے سماجی، اقتصادی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔