سعودی حکومت نے عمرہ پر پابندیوں کی تردید کردی

293

ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے کورونا کی نئی لہر میں عمرہ پر پابندی کے حوالے سے اڑنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کردی۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ادائیگی پر پابندی کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کردیا۔ وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کیسوں میں اضافے کے باوجود عمرہ ادائیگی پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔ وزارت کے ذرائع نے تصدیق کی کہ ابھی تک عمرہ ادائیگی اور مسجدالحرام و مسجد نبوی میں زائرین یا نمازیوں کی آمد پر پابندی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔ دوسری جانب انتظامیہ کے ترجمان نے بھی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے ایس او پیز مقرر کی گئیں ہیں، جن پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ زائرین اور نمازیوں کے لیے سماجی فاصلے اور ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔