تبلیغی اجتماع میں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے ،ڈپٹی کمشنر غربی

299

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تبلیغی اجتماع گاہ میں دوران اجتماع ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا جائے ،اجتماع گاہ کے داخلی راستوں پر ویکسینیشن کارڈ جو کہ نادرا سے جاری ہوئے ہوں، چیک کیے جائیں اور صفائی ستھرائی، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکا خصوصی اہتمام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر ضلع غربی زین العبادین انصاری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی عبدالحلیم جاگیرانی کے ہمراہ اجتماع گاہ کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنراورایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی نے منتظمین کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی افسران اجتما ع گاہ کے اطراف بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلیے جامع اور مربوط حکمت عملی سے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ایڈمنسٹریٹربلدیہ غربی نے موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ اجتماع کے موقع پر آنے والے افراد کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے صفائی ستھرائی کے حوالے سے صبح شام صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کو یقینی بنائیں جبکہ اجتماع گاہ آنے والے راستوں میں جھاڑیوں کی کٹائی ، روشنی کے انتظامات کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ تعمیر ومرمت کے کاموں کو قبل از وقت مکمل کرنے کیلیے تمام تر دستیاب وسائل سے استفادہ کیا جائے۔