ن لیگ کی عدلیہ کو دبائو میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے ، وزیر اعظم

378

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی تاریخ سب کے سامنے ہے،یہ سب مل کر عدالتوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہواجس میں عمران خان نے معاشی ترقی کی گروتھ 5.37 فیصد تک جانے کا بتایا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی ترقی کا 5.37 فیصد تک جانا بڑی کامیابی ہے۔اجلاس میں اکانومسٹ اور بلوم برگ کی تازہ رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم کیس پر بھی بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص مافیا عدلیہ کو دباؤ میں لانے کی کوشش میں ہے،ججز کو دباؤ میں لا کر من پسند فیصلے لینے کی کوشش ماضی میں بھی ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ عدالت نے رانا شمیم کیس میں شریف فیملی کوبری طرح بے نقاب کردیا ہے ،یہ اب عوام کو دھوکا نہیں دے سکتے، سابق چیف جج کا بیان حلفی نواز شریف کے بیٹے کے دفتر میں ہی تیار ہوا تھا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے، پنجاب حکومت منصوبوں کے خلاف زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی کرے۔مزید برآں وزیراعظم سے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، عاقب جاوید، رانا عاطف اور کرکٹر شاہین آفریدی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔