یورپی یونین نے افغانستان میں سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا

295

کابل: یورپی یونین نے افغان دارالحکومت میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ یورپی یونین نے متعدد ملاقاتوں اور افہام و تفہیم کے بعد کابل میں 6 ماہ سے بند اپنا سفارت خانہ باضابطہ طور پر دوبارہ کھول لیا ہے۔

یورپی یونین کے ترجمان برائے خارجہ امور پیٹر اسٹانو کی جانب سے جاری بیان میں کابل میں یورپی یونین کے سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں یورپی وفد کی کم سے کم موجودگی کو دوبارہ قائم کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ کھولنے کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہ سمجھا جائے، اور یہ بات کابل کی موجودہ حکومت کو بھی بتادی گئی ہے۔

یٹر اسٹانو نے کہا کہ افغانستان میں انسانیت کی مدد کے لیے کابل میں یورپی یونین کے سفارت کاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم یہ تعداد نہایت مختصر ہوگی۔

دوسری جانب ترجمان طالبان نے یہ بھی کہا کہ عالمی قوتوں کو افغان عوام کو درپیش انسانی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے طالبان حکومت کو تسلیم اور افغانستان کے بیرون ملک موجود منجمد اثاثوں کو فوری طور پر بحال کرنا چاہیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے وسط سے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے والی طالبان حکومت کو تاحال کسی ملک نے تسلیم نہیں کیا ہے جبکہ عوام کو درپیش بھوک و افلاس، بیماری اور بیروزگاری کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا تھا کہ طالبان حکومت نے اپنے تمام وعدے پورے کر دیے ہیں لہذا اب عالمی حکومتوں کو افغان حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے۔