لاہور دھماکہ: سیکیورٹی اداروں نے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا

525

لاہور: انار کلی بازار دھماکے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، پولیس نے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے انارکلی بازار میں ہونے والی بم دھماکے میں اہم ترین پیش رفت ہوئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ دو سہولت کاروں کو آج صبح حراست میں لے لیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں سہولت کار مچھلی منڈی کے قریب پناہ لیے ہوئے تھے، دونوں کو سی سی ٹی وی بیک ٹریک کرکے گرفتار کیا گیا، مبینہ سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جاری ہے اور ان سے ان کے دیگر ساتھیوں اور مدد گاروں سے متعلق دریافت کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے دھماکے کی جگہ کے ارد گرد کی جیوفینسنگ مکمل کرلی ہے، جبکہ مشتبہ کالز شارٹ لسٹ کرنی شروع کردی ہیں اور تفتیش کا دائرہ کار دوسرے اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، شبہ ہے کہ سہولت کار اور ہینڈلر کسی اور ضلع سے لاہور آئے، اس ضمن میں مشتبہ افراد کا ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔