سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، ن لیگ

320

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا اللہ تارڑ نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے ،حمزہ شہباز 2 سال پابند سلاسل رہے ،رمضان شوگر مل کیس میں ثابت کریں گے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مری سانحے سے متعلق اسمبلی کا اجلاس ہماری ریکوزیشن پر بلایا گیا ہے ،یہ انتہا کا ظلم ہے چند افراد کو او ایس ڈی بنا کر اصل ذمہ داران کو چھوڑ دیا گیا ،ہم سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، مطالبہ ہے اصل ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سکون کی نیند سو رہے تھے اورمری میں لوگ ٹھٹھر کر مر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نالائق اکبر ہے، تین سال سے ناکام ہورہا ہے، سر توڑ کوشش کر رہا ہے کسی طرح شہباز شریف کو گرفتار کروا دے ،ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے کی پریس کانفرنس کرتا ہے لیکن ثبوت کوئی عدالت میں پیش نہیں کرتا ،شہزاد اکبر عنقریب فارغ ہونے والے ہیں ان کی جگہ ایک شخص انٹرویو بھی دے چکا ہے۔