حکومت جانے کی خبریں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں، اسدعمر

331

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی)اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کا متبادل ہوں نہ ہو سکتا ہوں،ن لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور پی ٹی آئی میں عمران خان کا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے جانے کی خبریں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی وراثتی پارٹیاں ہیں، مہنگائی پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر بھی ہے۔نجی ٹی وی سے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نون لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور تحریک انصاف میں عمران خان کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں کسی بھی حکومت کی گارنٹی نہیں ہوتی، پی ڈی ایم کی پہلی تحریک پیالی میں طوفان ثابت ہوئی تھی، کوشش کی جا رہی ہے طوفان کو واپس پیالی میں لایا جائے، نواز شریف نااہل اور بیرون ملک ہیں لیکن انہیں پتہ ہے پارٹی نواز شریف کی ہے، اس بات کا علم شہباز شریف کو ہے جو پاکستان میں ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ ہوتے تو سیاست میں نہ آتا، پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی لیڈرشپ پر سوال نہیں اٹھا سکتا، ایسا کوئی کیس نہیں دیکھا کہ عمران خان کی لیڈر شپ کو چیلنج کیا گیا ہو۔