پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15مئی کو کرانے کا اعلان

258

لاہور (نمائندہ جسارت)صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15مئی 2022ءکو منعقد ہوں گے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مقامی سطح پر بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کےلیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقد ہ سنگت ڈیویلپمنٹ فاﺅنڈیشن کے اشتراک سے پوسٹ گریجوٹ ڈپلومہ ان لوکل سیلف گورنمنٹ کی ری لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملک کر بہترین بلدیاتی ایکٹ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کام کرانے کی ذمہ داری ارکان قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی کی نہیں ہوتی بلکہ مقامی نمائندوں کی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو قانون سازی کے لیے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے متعدد مسائل کے باوجود مقامی اداروں کو مضبوط کرنے کےلیے اقدامات کیے اورخیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں میئر کے عوام کی جانب سے براہ راست انتخاب کی تجویز سمیت کئی اصلاحات متعارف کراوئی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل باڈیز کو مضبوط کرنے کےلیے یہ تجویز بھی ایکٹ میں شامل کی گئی ہے کہ اگر کوئی بھی حکومت بلدیاتی حکومت کو ختم کر دے تو الیکشن کمیشن 90سے 120دن کے اندر اگلے انتخابات کروائے۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کےلیے حلقہ بندیاں 25سال تک کرنے کی تجویز بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار ہوں گے۔