الیکٹرونک ووٹنگ بہترین حل ثا بت ہو گا‘صدر مملکت

143

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عام انتخابی عمل کے تنازعات اور پیچیدگیوں سے بچاﺅ کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ بہترین حل ثا بت ہو گا، افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان نے قائدانہ کردار ادا کیا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی قیادت کے نقطہ نظر کا اعتراف کیا جا رہا ہے ، ملک میں خواتین، خصوصی افراد
اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں، مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے۔ صدرمملکت نے ایک انٹرویو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات بڑھ کر تقریباً2ارب ڈالر ہو گئی ہیں جو اس سال کے آخر تک ساڑھے 3ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی، 3،4 سال میں ملک کی دیگر مصنوعات کے مقابلے میں آئی ٹی کی برآمدات زیادہ ہونے کا امکان ہے، 27-2026تک آئی ٹی برآمدات 8 سے 10ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، مستقبل کی نئی انڈسٹری آئی ٹی ہے اور دنیا کو اس کی ضرورت ہے جس کا پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا۔