محمد حسین محنتی سے تیمرگرہ کے صحافیوں کے وفد کی ملاقات

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ صحافت ملک کا اہم اور چوتھا ستون ہے جو عوام کے مسائل کو اجاگر اور ریاست وحکومت کی اصلاح کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے دعوئوں کے برعکس مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنادی ہے، منی بجٹ نے تو رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے، تبدیلی کا نعرہ عملاًتباہی ثابت ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میںدیر تیمرگرہ پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم کی زیرقیادت ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک برسراقتدار حکمران آج تک ملک میں اسلام ،عدل وانصاف کا نظام قائم کرسکے نہ عوام کو بیروزگاری، مہنگائی بدامنی جیسے مسائل سے نجات دلاسکے ۔ جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کررہی ہے اسی میں ہی ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سمیت تمام مسائل کا حل مضمر ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا نے نہ صرف پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالا بلکہ اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد میں بھی جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیا ہے، دیر ہمیشہ جماعت اسلامی کا مرکز رہا ہے، تیمر گرہ پریس کلب کے صدر اسماعیل انجم اور جنرل سیکرٹری نواب بادشاہ نے جماعت اسلامی سندھ کا شکریہ ادا کیا۔