تمام ممالک بالخصوص عالم اسلام طالبان حکومت تسلیم کرے،وزیراعظم ملاحسن

335

کابل(صباح نیوز) امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیراعظم ملا محمدحسن اخوندزادہ نے کہا ہے کہ تمام ممالک بالخصوص عالم اسلام طالبان حکومت کو تسلیم کرے ۔کابل میں پہلی اقتصادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ہم عالمی برادری کی انسانی امداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، افغانستان کو موجودہ بحران پر قابو پانے کے بعد بھی ترقیاتی امداد کی ضرورت ہوگی لیکن ہمیں ترقیاتی امداد کے بارے میں مختلف انداز میں سوچنے کی ضرورت ہے۔اس کانفرنس میں20ممالک کے نمائندوں نے باقاعدہ شرکت کی، 40ممالک کے نمائندوں نے کانفرنس میں آن لائن شرکت کی۔ملاحسن نے اس پہلی اقتصادی کانفرنس میں افغانستان کی معاشی صورتحال، نجی شعبہ اور بینکنگ سیکٹر کے مسائل کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہامداد کی فراہمی پر عاید پابندی میں نرمی کی جائے کیونکہ پابندی کے نتیجے میں ملک میں معاشی بحران زور پکڑ رہا ہے،قلیل المدتی امداد حل نہیں ہے، ہمیں بنیادی طور پر مسائل کو حل کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔محمد حسن آخوند نے کہا کہ امارات اسلامیہ کرپشن کے خاتمے اور سیکورٹی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملک میں سیکورٹی قائم کردی گئی ہے۔