کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں

173

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے کرپٹو کرنسی کا لین دین کرنے والی 1600ویب سائٹس کو بند کرنے کے لیے پی ٹی اے کو خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو بھیجے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ کرپٹوکرنسی منی لانڈرنگ کا بھی آلہ کار ہے۔ ایف آئی اے نے پی ٹی اے سے ان ویب سائٹس کو بند کرنے کی سفارش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف کارروائی کے لیے بھی پی ٹی اے سے مدد مانگی ہے۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے اپنے خط میں لکھا کہ کرپٹو اور ڈیجیٹل کرنسی فراڈ میں اب تک شہریوں سے کروڑوں ڈالرز کا غبن ہوچکا ہے، اسٹیٹ بینک نے 2018 ء سے کرپٹو کرنسی کو پاکستان میں غیر قانونی قرار دے رکھا ہے ، ایف آئی اے کی جانب سے کرپٹو کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے پاکستان میں کرپٹو اور ڈیجیٹل کرنسی کا کام کرنے والوں کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کردی ہیں۔دوسری جانب ایف آئی اے سائبرکرائم نے کرپٹوکرنسی اور ڈیجیٹل کرنسی کا کام کرنے والوں کے خلاف پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کردی ہے۔