گھی ‘تیل قیمتوں میں اضافہ :فریقین سے تحریری گزارشات طلب

152

اسلام آباد (آن لائن)عدالت عظمیٰ نے گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر اٹارنی جنرل، مسابقتی کمیشن اور متعلقہ فریقین سے تحریری گزارشات طلب کر تے ہوئے معاملے کی سماعت مارچ تک ملتوی کر دی۔بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیسکی سماعت کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے موقف اپنایا کہ ریگولیٹرز کے اختیارات سے متعلق یہ بڑا اہم کیس ہے، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے پر مسابقتی کمیشن نے کمپنی مالکان کو نوٹسز جاری کیے،مسابقتی کمیشن کے نوٹس کیخلاف ایک کمپنی رٹ میں چلی گئی، ریگولیٹرز کے فیصلوں کیخلاف مقدمہ بازی سے ریونیوز بھی رک جاتا ہے،استدعا ہے کہ تمام ریگولیٹری باڈیز کے اختیارات سے متعلق عدالت عظمیٰ گائیڈ لائین سیٹ کرے جس میں کمپنی مالکان اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہو،گائیڈ لائین میں ریگولیٹرز اور عدالتی اختیارات کو واضع کیا جائے۔ عدالت عظمی نے اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کر تے ہوئے کیس کی سماعت رواں سال  مارچ تک ملتوی کر دی۔