ادارہ شماریات نے 7 ویں مردم شماری کیلئے 5 ارب مانگ لئے

164

اسلام آباد( آن لائن ) ادارہ شماریات نے 7ویں مردم شماری کے لیے 5 ارب روپے مانگ لیے۔مردم شماری ایڈوائزری کمیٹی نے ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے اپنی سفارشات تیارکرلی ہیں اور کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی فنڈز فراہمی کی منظوری دے گی۔ مردم شماری ایڈوائزری کمیٹی کے مطابق نئی مردم شماری ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی، ملک میں تمام بلاکس کی سطح تک اسٹرکچر کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی اور ڈیجیٹل مردم شماری میں ہر بلاک کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ڈیجیٹل مردم شماری 18 ماہ میں مکمل کی جائے گی اور عام انتخابات نئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔ادارہ شماریات نے نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں اور نیشنل سینسس کوآرڈینیشن سینٹر کے قیام کے حوالے سے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے سافٹ ویئرکی خریداری کا عمل بھی شروع کردیا گیاہے۔حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی منظوری کے بعد ڈیجیٹل مردم شماری کا کام تیز کردیا جائے گا اور ادارہ شماریات مقررہ وقت میں ڈیجیٹل مردم شماری کا ٹاسک مکمل کرے گا۔