شاہ محمود کا انڈونیشیا کی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، اماراتی سفیر کی ملاقات

118

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو انڈونیشیا کی اپنی ہم منصب ریٹنو ایل پی مرسودی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین تمام شعبوں میں ان کثیر جہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی خیر سگالی کو باہمی مفید تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو گہرا کرنے اور عوامی سطح کے تبادلوں کو وسعت دینے کے لیے پوری طرح بروئے کار لایا جانا چاہیے۔وزیر خارجہ نے امت مسلمہ کے مسائل کی وکالت کرنے اور اسے آگے بڑھنے میں انڈونیشیا کے نمایاں کردار کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے بدھ کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔اماراتی سفیر نے 17 جنوری کو حوثی ملیشیا کی جانب سے ابوظہبی کے شہری علاقوں میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں پاکستانی شہری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے اظہار یکجہتی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔