افریقہ کے سب سے بڑے صحرائے اعظم میں برف باری

300

کراچی: افریقی ممالک میں پھیلے صحرا ’’صحرائے اعظم‘‘ (صحارن ڈیزرٹ) میں برف باری ہوئی ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  دنیا کے سب سے بڑے صحرا میں برف باری کا ہونا ایک منفرد مظہر ہے کیونکہ یہ دنیا کا گرم ترین صحرا بھی ہے جہاں عام حالات میں درجہ حرارت 58? ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برف باری الجزائر کے قریب ایک علاقے عین الصفراء میں ہوئی اور درجہ حرارت منفی دو ڈگری ہوگیا۔

گزشتہ 42 سال میں یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ صحرائے اعظم میں برف باری ہوئی ہو۔ اس سے قبل 1979، 2016، 2018 اور 2021ء میں بھی برف باری ہو چکی ہے۔ عین الصفراء کو صحرا کا دروازہ سمجھا جاتا ہے جو سطح سمندر سے تین ہزار فٹ بلندی پر ہے اور جبل اطلس کے پہاڑوں میں گھرا ہے۔

صحرائے اعظم شمالی افریقہ کے وسیع تر علاقے پر پھیلا ہے۔ اگرچہ یہ علاقہ آج ریت سے بھرا ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ 15 ہزار سال بعد یہ علاقہ ہرا بھرا ہو جائے گا۔