کورونا کیسز میں اضافہ: سندھ حکومت نے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا

400
محکمہ داخلہ سندھ کا کورونا ایس او پیز سے متعلق نیا نوٹی فکیشن جاری

کراچی: سندھ حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس میں تعلیمی اداروں میں 50فیصد حاضری کویقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کرتے  ہوئے کہا ہے کہ  حیدرآباد کے اسکولوں میں 12سال سے کم عمر بچوں کو 50فیصد بلانے کی ہدایت کی گئی ہے، 12سال سے کم عمر بچے متبادل دنوں میں اسکول جائیں گے جبکہ 12سال سے زائد عمر کے بچوں کی حاضری 100فیصد رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ حیدر آباد میں انڈورتقریبات پر 15فروری تک پابندی عائد کی ہے، آؤٹ ڈور تقریبات میں 3سو افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں 500افراد شرکت  کرسکتے ہیں۔

جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق  نئی پابندیوں کا اطلاق 24جنوری سے ہوگا، کورونا کیسز پھیلنے کی صورت میں مزید پابندیاں بھی لگائیں جا سکتی ہیں، تمام افراد ویکسین کارڈ ساتھ لے کر گھومیں  اور اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔