عارضی ملازمین کو کسی صورت بحال نہیں کریں گے،اعظم سواتی

249

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ایوان بالا کو بتایا ہے کہ پاکستان ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے حکومت پاکستان نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور چینی حکومت کی جانب سے قرضے کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا ۔منگل کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر مشتاق احمد خان کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہاکہ پاکستان ریلوے سمیت پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کو زائد بھرتیوں کی وجہ سے تباہ کردیا گیا ہے ،ریلوے میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم لایا جارہا ہے ریلوے کی ایک گریڈ 17کی خاتون آفیسرکے گھر 6ملازم کام کرتے ہیں جس سیکشن میں ملازمین کی ضرورت ہوتی ہے وہاں پر بھرتیاں کی جاتی ہیں۔اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ 10سالوں سے یہ غریب ملازمین کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے کیا ان کو بحال کیا جاسکتا ہے جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ زائد ملازمین کو کسی صورت بحال نہیں کیا جاسکتا ہے ۔سینیٹر تاج حیدر کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ کسی بھی ملازم کو سیاسی بنیادوں پر ملازمت سے فارغ نہیں کیا گیا ہے ،سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ حکومت 10کروڑ نوکریاں دینے کی بات کر رہی تھی مگراب ملازمت سے نکالا جارہا ہے جس پر وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ کنٹریکٹ ملازمین کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت مستقل نہیں کر سکتے ہیں۔