متنازع اراضی، تحقیقات نہ کرنے پر چیئرمین‘ ڈی جی نیب سے جواب طلب

120

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ نے ڈی ایچ اے کوئٹہ میں شامل مبینہ متنازع زمین سے متعلق نیب کی جانب سے تحقیقات نہ کرنے کے خلاف درخواست پر ڈی جی نیب کوئٹہ، چیئرمین نیب اور دیگر سے جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ نیب نے درخواست گزار کی شکایت پر کیا کارروائی کی بتایا جائے؟ اگر شکایت پر نیب کو کوئی اعتراض ہے تو بھی درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے، ہم نیب کو شکایت پر کارروائی کا حکم نہیں دے سکتے، جواب طلب کرلیتے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ درخواست گزار نے نیب کوئٹہ میں درخواست دی ہوگی اس معاملے سے کراچی نیب کا تعلق نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ڈی ایچ اے میں متنازع زمین کو شامل کیا جا رہا ہے، نیب کو کارروائی کیلیے درخواست دی، نیب نے تحقیقات کے بجائے اسی ادارے کو انکوائری کیلیے خط لکھ دیا جس کے خلاف شکایت کی گئی تھی، نیب کی ڈیوٹی ہے اگر کوئی شکایت کرتا ہے تو کارروائی کرے، ڈی ایچ اے کوئٹہ کی زمین کی تحقیقات کیلیے افغان کارپٹ کے مالک تاجر پرویز حسن اور دیگر نے درخواست دائر کی تھی۔