سانحہ گائو کدل : حریت کانفرنس کی جمعہ کو سری نگر میں ہڑتال کی اپیل

240

سری نگر(اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے سانحہ گائو کدل سری نگر کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزادی پسند کشمیریوں سے 21جنوری جمعہ کو ضلع سری نگر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 21جنوری 1990ء کو گائوکدل میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 60کے قریب کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کشمیریوں سے نماز جمعہ کے موقع پر اجتماعی دعائیں کرنے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل،جبری گرفتاریوں، دوران حراست گمشدگیوں، آبادی کے تناسب کی تبدیلی اور ہندوتوا نظریہ کے نفاذ کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے کی بھی اپیل کی ۔ حریت چیئرمین نے بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں آزادی صحافت پر حملے کی بھی مذمت کی۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی، جبری گرفتاریاں، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی دیگرخلاف ورزیاں رکوائے۔