پیپلز پارٹی سندھ کو مکمل تباہ کردیگی، خاتمہ ضروری ہے‘ خرم شیر

229

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ 2023ء سے پہلے پیپلز پارٹی کا خاتمہ ضروری ہے وگرنہ پیپلز پارٹی سندھ کو مکمل تباہ و برباد کردے گی، آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں سندھ کے مختلف اداروں میں 956 ارب سے زائد کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے، سندھ حکومت میں بیٹھے وزرا جیب کترے ہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اس کی گواہی دے رہی ہے، اسمبلی فلور پر آڈیٹر جنرل کی جاری کردہ بے ضابطگیوں کیلیے آواز اٹھاؤں گا، ہم وزیراعظم اور نیب کو بھی خط لکھیں گے۔ سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سندھ کے خزانے کی چمڑی اتاردی ہے، سندھ کے اداروں کے ملازمین دھرنے دے رہے ہیں، آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں 956 ارب سے زائد بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے، سندھ حکومت نے مختلف لوگوں کو نوازنے کیلیے کروڑوں روپے کے الاؤنس دیے تاکہ زیادہ مال بنایا جائے، آڈیٹر جنرل کی جانب سے فراڈ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، ایگریکلچر، کلچر ٹورازم سمیت دیگر محکموں میں کروڑوں کا غبن کیا گیا ہے، لوکل گورنمنٹ، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا حال بھی خراب ہے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ہیڈ بلاول کی پھپھو ہیں، پھپھو سے کسی کی مجال ہے پوچھنے کی کہ کروڑوں کی بے ضابطگیاں کیسے ہوئیں؟، اداروں میں اپنی مرضی کی خریداری ہورہی ہے، عوام کے پیسے پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ کارڈ کی ضرورت ہے، مراد علی شاہ چاہتے ہیں کہ ان سے سوالات نہ کیے جائیں۔