افغانستان میں دیرپا امن کیلیے علاقائی ممالک کو ملکر کام کرنا ہوگا،جنرل ندیم

229
راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے عمانی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل سیف نصیر محسن ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی( آن لائن) چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے عمان کی بحریہ کے کمانڈر نے ملاقات کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول کمانڈر عمان بحریہ نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی اورعلاقائی امور سمیت فوجی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات کی جانب سے مختلف دفاعی شعبوں میں رابطوں کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ جنرل ندیم رضا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے خطے میں امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، افغانستان میں دیرپا امن کیلیے تمام علاقائی ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔عمان کے نیول کمانڈر نے پاکستانی مسلح افواج کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل تحسین ہیں۔