ن لیگ سے شریفوں کو نکالنے کی نئی آڈیو سامنے آنیوالی ہے، شہباز گل

193

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ(ن)لیگ نے اگر حکومت سے ڈیل لینی ہے تو لوٹے ہوئے پیسے واپس کرے، ہم (ن)لیگ کی کرپشن کی شہ رگ تک پہنچ چکے ہیں، شریف برادران ملک سے باہر جانے کے لیے ڈیل مانگ رہے ہیں، نواز شریف کا ویزہ مسترد ہوتے ہی انہیں برطانیہ سے نکال دیاجائے گا، نواز شریف بیماری کا ڈرامہ نہ کریں اور ملک میں آ کر سیاست کریں ، شریف فیملی کو 16 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا، چاروں شریف باہر جانے کے لیے ڈیل مانگ رہے ہیں۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں ڈیل اور ڈھیل پر بات کروں گا، چاروں شریف باہر جانے کے لیے ڈیل مانگ رہے ہیں لیکن یہ ڈیل اور ڈھیل دینے کے باوجود نہیں بچ سکتے جب کہ (ن) لیگ میں پانچواں شخص بھی 4 کے ٹولے میں شامل ہونے کی کوشش کررہاہے، انہوں نے کہا کہ شریف پیسے اپنے نام کے بجائے دوسروں کے نام پر رکھتے ہیں،شہبازگل نے دعوی کیا کہ ایک نئی آڈیوسامنے آنے والی ہے جس میں (ن) لیگ سے شریفوں کونکالنے کی بات ہے، پکڑے جانے پر ان کی کوشش ہے کہ (ن) لیگ پر قبضہ کرلیا جائے ۔ ان کا کہناتھا کہ شریف فیملی کو16 ارب روپے کا جواب دینا پڑے گا، اب(ن)لیگ کے معافی مانگنے کا وقت ہوا چاہتا ہے، شریف فیملی پہلے گالیاں دیتی ہے پھر پائوں پڑ جاتی ہے،(ن)لیگ پچھلے کئی ماہ بالخصوص 3 سے 4 ماہ سے یہ باتیں کررہی ہے کہ ان کی ڈیل ہو گئی ہے۔ ان سے پوچھتا ہوں کہ ان کی ڈیل کہا ں ہوئی۔(ن)لیگ کے اپنے لیڈران پارٹی کو ٹیک اوور کرنا چاہتے ہیں۔(ن)لیگ اپنے حواریوں کے ذریعے تین ماہ سے ڈیل کی باتیں پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ سے 3ہزار 700 کروڑ روپے برآمد ہوئے اور دیگر ملازمین سے 16 ارب روپے برآمد کیے ہیں ۔ یہ وہ ملازمین تھے جن کی تنخواہ صرف 10 سے 15 ہزار روپے تھی تو ان کے اکائونٹس میں اتنے پیسے کہاں سے آئے۔ یہ لوگ پیسے اپنے پاس نہیں رکھتے بلکہ دوسروں کے نام سے رکھتے ہیں۔ یہ لوگ بچنے والے نہیں ہیں ۔پہلے نواز شریف اور مریم نواز اب حمزہ شہباز اور شہباز شریف کے خلاف بھی کارروائی ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خلائی مخلوق کون ہے یا وہ قطری ہے جو انہیں خیرات یا تحفے میں عطیات دیتے ہیں۔