نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پیش کیا جائے گا

314

اسلام آباد( آن لائن) وزارت خزانہ نے نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے میں پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا شیڈول جاری کردیا۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سال 2022ء اور 2023 ء کے بجٹ کی تیاری 15 مارچ سے شروع کی جائے گی اور اس دوران وفاقی حکومت کی آمدن، ٹیکس اور نان ٹیکس تجاویز تیار کی جائیں گی۔وزارت خزانہ کے مطابق کرنٹ اور ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ بھی تیار کیا جائے گا جب کہ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 15 اپریل تک تیار کیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ سالانہ پلان کورڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس اپریل میں ہوگا جب کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی میں ہوگا اور وفاقی کابینہ سے جون کے پہلے ہفتے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔