محمد حسین محنتی سے تحریک محنت پاکستان کے وفد کی ملاقات

305
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سے تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری کی قیادت میں وفد ملاقات کررہاہے

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دینی لٹریچر کے فروغ اور کتب بینی کا شوق بڑھانے کے لیے تحریک محنت کا کردار ومحنت قابل تحسین ہے،کتاب دوستی انسان کے عقل وشعور میں اضافہ کرتی ہے، لٹریچر کسی بھی تحریک میں کارکنوں کی ذہن سازی اور مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں تحریک محنت پاکستان کے مرکزی صدر سید خالد حسین بخاری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کے دوران کیا، اس موقع پر تحریک محنت سندھ کے صدر سید الطاف حسین زیدی، جنرل سیکرٹری محمد اسماعیل بھی ساتھ موجود تھے۔ تحریک محنت پاکستان کے صدر سید خالد حسین بخاری نے امیر صوبہ کو بتایا کہ ہمارا اصل ہدف کتب بینی کے ذریعے افراد سازی اور لوگوں کی دنیا وآخرت کو سنوارنا ہے،تحریک محنت کے تحت ملک بھر میں قائم 100 سے زاید مکتبوں کے ذریعے اورمختلف اداروں میں اسٹال لگاکرگزشتہ ایک سال میں ڈیڑھ کروڑ کتب فروخت کی گئی ہیں،950ارکان اپنی اصلاح اور لوگوں کی لٹریچر کے ذریعے تربیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، مہنگائی اور تیز ترین زندگی کی وجہ سے عمومی طور پر کتاب سے تعلق کمزور ہوگیا ہے اس کے باوجود تحریک محنت ملک بھر میں دینی لٹریچر کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ اورسوشل میڈیاکی سہولت اپنی جگہ مگر کتاب وکاغذ کی اہمیت آج بھی اپنی جگہ برقرارہے ۔حکومت کو ایسے اداروں کی سرپرستی کرنی چاہیے جولوگوں کو کتاب سے جوڑنے کا کام کر رہے ہیں۔