تفتیشی افسر کی معطلی اور آدھی تنخواہ لاپتا شہریکی اہلیہ کو دینے کا حکم

255

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائیکورٹ شہری پٹھان خان زہرانی سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر پولیس افسران کی ناقص تفتیش پر برہم، تفتیشی افسر کی آدھی تنخواہ لاپتا شخص کی اہلیہ کو دینے اور ناقص تفتیش کرنے والے افسر کو معطل کرنے کا بھی حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ 15 دن کی مہلت دے رہے ہیں بندے کا پتا لگا کر بتائیں کون لے گیا؟ کوئی لاپتا شہری ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا تو بھی بتایا جائے، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو لاپتا افراد کے معاملے پر فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پولیس افسران کی ناقص تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا لاپتا افراد کے معاملے میں ایسے تفتیش ہوتی ہے؟ بس آتے ہیں تاریخ لے کر چلے جاتے ہیں، بتایا جائے لاپتا افراد کے معاملے پر کیا تحقیقات کیں؟ کیا لکھ کر لائے ہیں کچھ پتا ہے؟ ریڈر نے بتایا ہوگا کیس لگا ہوا ہے جیسا تیسا پرنٹ نکال کر جواب عدالت میں جمع کرادیا۔ لاپتا پٹھان خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پٹھان خان زہرانی کئی ماہ سے لاپتا ہے، شوہر کے گردے بھی خراب تھے نجانے کس حال میں ہوگا۔