پی ایس ایل کیلیے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان

335

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 7 کے 30 لیگ میچز کے لیے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ سری لنکا کی طرف سے 21ٹیسٹ اور 63ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے سابق کرکٹر رنجن مدوگالے 125ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھاچکے ہیں۔1993سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفری کا حصہ رہنے والے رنجن مدوگالے اب تک 201ٹیسٹ اور 370 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی میچ ریفری کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔انہوں نے دو سال قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف اس میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ان کے علاوہ فیصل آفریدی تھرڈ امپائر اور عمران جاوید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ احسن رضا تھرڈ امپائر اور عمران جاوید فورتھ امپائر ہوں گے۔