پی ایس ایل کی تیاریاں،شاہراہوں پر کھلاڑیوں کے کٹ آئوٹس لگیں گے

378
کراچی : کمشنر کراچی محمد اقبال میمن پی ایس ایل کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

کراچی(سید وزیر علی قادری)کراچی میں پی ایس ایل کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں عروج پر ہیں، مختلف شاہراہوں کو سجایا جائے گا، کھلاڑیوں کے کٹ آئوٹس آویزاں کیے جائیں گے،کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت ایک جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں پولیس اور پاکستان رینجرز کے افسران نے کمشنر کراچی کو پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے کراچی نیشنل اسٹیڈیم کے جنر ل منیجرارشد خان نے کمشنر کو کراچی میں ہونے والے میچز کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تماشائیوں کی تعداد کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوا۔ توقع ہے کہ بدھ کو این سی او سی کے اجلاس میں غور ہو گا اور تماشائیوں کی تعدا د کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ تمام انتظامات کورونا ایس او پیز کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کرکیے جارہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف اور راستوں کو سجایا جائے گا، پی ایس یل کے کھلاڑیوں کی تصاویر اور ان کے ایکشن کے کٹ آئوٹس شاہراہ فیصل ضلع وسطی، ضلع ملیر اور ضلع جنوبی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں آ ویزاں کیے جائیں گے۔ متعلقہ ادارے اس سلسلے میں اقدامات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ٹریفک کے متوقع دبائو کے پیش نظر ٹریفک روانی کے خصو صی انتظامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں جنوبی، شرقی اور ملیر کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی نے اجلاس میں نیشنل اسٹیڈیم انتظامیہ، ٹریفک پولیس، سیکورٹی، بلدیاتی اور شہری اداروں کے ساتھ مختلف انتظامات سے متعلق رابطہ و تعاون کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات اور کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نے کہا کہ پی ایس ایل کا کراچی میں انعقاد کراچی کے لئے اعزاز کی بات ہے، قومی ایونٹ ہے،تمام متعلقہ ادارے اس کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر، ڈپٹی کمشنر شرقی آصف جان صدیقی، ڈپٹی کمشنر ملیر گنور لغاری، پولیس، پاکستان رینجرز، بلدیہ عظمی، ضلعی بلدیات، کنٹونمنٹ بورڈ ز، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔