صنعتی ترقی قومی خوشحالی کیلیے ناگزیر ہے ، گورنر سندھ

414

کراچی(ا سٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ صنعتیں تیز رفتاری سے کام کرتی رہیں کیونکہ صنعتی ترقی قومی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن کے 16 رکنی وفد سے گورنر ہائو س میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد کی قیادت سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست محمد زبیر موتی والا کررہے تھے۔ گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔گورنر سندھ نے وفد کے ارکان سے کہا کہ وہ درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی ورکنگ پیپر پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر غور کرے گی کیونکہ وفاقی حکومت نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کو ترجیح دی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتوں اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بڑے ترقیاتی منصوبوں اور معاشی پالیسیوں پر صنعتکاروں، تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا اعتماد ضروری ہے، لہذا تاجروں اور صنعتکاروں کی بروقت ان پٹ کے علاوہ متعلقہ مسائل کے حل کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورنر سندھ نے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سیف الرحمان کو ایس آئی ڈی سی ایل اجلاس کو پندرہ روزہ بنیادوں پر شیڈول کرنے کی بھی ہدایت کی۔