پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کے سبب 56 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوگیں

221

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ منگل کے دن بھی کاروباری اتار چڑھائو کے بعد مندی کا شکار رہی ،کے ایس ای 100 انڈیکس 100پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45600پوائنٹس سے کم ہو کر 45500 پوائنٹس پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 18ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ کاروباری مندی کے سبب 56.85فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو ابتدائی سیشن کے دوران تیزی رونما ہوئی اور ٹیلی کام ،توانائی اورریفائنری سیکٹرمیں خریداری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45700 پوائنٹس کی حد عبورکر گیا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ مندی کی لپیٹ میںآگئی ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 104.79پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 45612.20 پوائنٹس سے کم ہوکر45507.41پوائنٹس ہو گیا اسی طرح16.39پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17942.16پوائنٹس سے گھٹ کر17925.77پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 31234.23 پوائنٹس سے کم ہوکر31159.16پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 18 ارب 79 کروڑ 91 لاکھ 83 ہزار 644 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78 کھرب 22 ارب 44 کروڑ 96 لاکھ 55 ہزار 536 روپے سے گھٹ کر 78 کھرب 3 ارب 65 کروڑ 4 لاکھ 71 ہزار 891 روپے ہوگیا۔