متروکہ وقف املاک بورڈ کیخلاف کرائے داران کا احتجاج

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متروکہ وقف املاک کے ظالمانہ قوانین کے خلاف کرائے داران کی احتجاجی ریلی جائز حقوق کی جنگ کا آغاز ہے، کرائے داران کو یہ جنگ ہر حال میں جیتنی ہوگی، کرایوں میں دہرے اضافے کا غیرمنصفانہ قانون کسی صورت قبول نہیں، متروکہ وقف املاک بورڈ ہندوئوں کی چھوڑی ہوئی جائدادوں پر بھگوان بن کر بیٹھا ہے، کرایوں میں 6سال تک 8فیصد اضافے کے علاوہ افسران کو مزید من مانے اضافے کا اختیار ظلم ہے، ان خیالات کا اظہار آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین اور انجمنِ کرائے داران متروکہ وقف املاک کے صدر عتیق میر نے گذشتہ روز پرانی نمائش پر واقع دفتر متروکہ وقف املاک پر کرائے داران کی ایک احتجاجی ریلی سے خطاب میں کیا، ریلی کے شرکاء نے دفتر متروکہ وقف واقع پرانی نمائش پر پہنچ کر دھرنا دیا، کالے جھنڈے لہرائے اور شدید نعروں کی گونج سے ظلم کے خلاف آواز اٹھائی،عتیق میر نے لاقانونیت کے خلاف علمِ جہاد بلند کرنے والے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اور بدعنوانی کے خلاف ڈٹ جانے والے وزیرِاعظم عمران خان کی توجہ اس کھلے ظلم اور ناانصافی کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوئوں کی چھوڑی ہوئی جائدادوں میں گذشتہ 70سال سے زائد عرصے سے موجود کرائے داران کو متروکہ وقف املاک کے عملے و افسران کے ظلم سے نجات اور جائدادوں کی ملکیت فروخت کی جائے، انھوں نے کہا کہ حکومت کو ان جائدادوں کی فروخت سے اربوں روپے حاصل ہوں گے۔