پی ایس ایل: کراچی میں میچز کیلئے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

319

کراچی: این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ 7 کے کراچی میں میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباَ 8000 تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز بنائے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پروٹوکولز کے تحت 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کووڈ 19 ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا، اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا، اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔

این سی او سی کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔