بجلی اورگیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے، رہنما جماعت اسلامی 

292

پشاور: جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد خلیل نے صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری بجلی و سوئی گیس لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بجلی و گیس پیداوار میں خود کفیل ہونے کے باوجود وفاق کی طرف سے امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ جماعت اسلامی المرکز اسلامی پشاور میںصوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے جے آئی یوتھ کے ضلعی عہداران سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب صدر جماعت اسلامی یوتھ ضلع پشاور زرک احمد اور PK-66جے آئی یوتھ کے کارکنان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی وسوئی گیس پیدا کر رہا ہے اور اس کے باوجود یہاں پر دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا نام ونشان نہیں اور حکمرانوں کی تمام توجہ پنجاب پر مرکوز ہے وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے ایسا لگتا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو قصداً مسائل کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں مسئلہ صرف سوئی گیس لوڈشیڈنگ کا نہیں بلکہ پریشر بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف صوبہ کے عوام کو سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا سامنا ہے جبکہ دوسر ی طرف اس کی قیمتوں میں بھی ہو شربااضافہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت انتخابات کے دوران عوام کو ریلیف دینے اور ان کی پسماندگی کے خاتمے کے نعرے لگا رہی تھی۔ وہ نعرے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ابھی تک پاکستان بلکہ خصوصاً خیبر پختونخوا میں کچھ نہ کر سکا۔انہوں نے مزید کہا بدترین لوڈشیڈنگ پی ٹی آئی حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران جب تک سودی معیشت سے جان چھڑانے اور عالمی اداروں کی غلامی سے باہر آنے کے لئے کوئی واضح منصوبہ نہیں دیں گے ،ملک میں غربت اور مہنگائی کے طوفان کو روکنا ناممکن ہے۔ ہمیں ہمارا حق نہیں دیا جا رہا ، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی کا خالص منافع خیبر پختونخوا کا حق ہے۔