جب سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات میسر نہیں توصحت کارڈ کا اچار ڈالنا ہے، رہنما ن لیگ

359

لاہور: مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹوںکی سہولت بند ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح اسپتال، سروسز اسپتال اور جنرل اسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت بند کردی گئی ہے، جناح اسپتال اور میواسپتال میں ایم آر آئی،سی ٹی سکین سمیت متعدد مشینیں عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی ایک عرصے سے بند ہو چکا ہے ،جب سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات میسر نہیں تو عوام نے صحت کارڈ کا اچار ڈالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا صحت کارڈ غریب مریضوں کیلئے صبر کارڈ بن چکا ہے،عمران خان کی حکومت اب کارڈ حکومت بن چکی ہے، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والے اب راشن کارڈ تک آگئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ قومی لیڈر ملک میں روزگار کے موقع پیدا کرتے ہیں عمران خان نے پوری زندگی چندہ،زکو ۃ اور خیرات پر گزاری ہے ،عوام ایسے وزیراعظم سے روزگار کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟