خامنہ ای کی ایرانی حکومت مخالف بھانجی فریدہ مراد خانی گرفتار

884

تہران: وزارت انٹیلی جنس نے سماجی کارکن اور حکومت کے خلاف مظاہروں کے متاثرین کے خاندانوں کی وکیل فریدہ مراد خانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مراد خانی رشتے میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی بھانجی ہیں۔ انہیں جمعرات کو تہران میں گھر جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔فریدہ کے بھائی اپوزیشن رہ نما محمود مرادخانی جو فرانس میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں نے ایرانی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن اپنے گھر جا رہی تھیں لیکن گھر پہنچنے سے پہلے انہیں جمعرات کی شام گرفتار کر لیا گیا۔

ان کی گرفتاری کا علم ان کے اہل خانہ کو کافی دیر بعد ہوا۔پولیس نے فریہ مرادخانی کے گھر میں تلاشی کے دوران اس کے زیراستعمال متعدد اشیا قبضے میں لے لیں۔فریدہ مرادخانی کے بھائی نے انٹرویو میں کہا کہ ان کی ہمشیرہ کوئی سیاسی کارکن نہیں ہیں کیونکہ ایران میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آزادی نہیں ہے لیکن وہ انسانی حقوق اور مظاہروں کے متاثرین کے اہل خانہ کا دفاع کر رہی تھیں، فلاحی کام کر رہی تھیں اور پرامن سرگرمیوں میں حصہ لے رہی تھیں۔