مصطفی کمال کا بلدیاتی ترمیمی قانون کےخلاف مارچ کا اعلان

175

کراچی (آن لائن)چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف 30 جنوری بروز اتوار تبت سینٹر سے وزیر اعلیٰ ہاو¿س کی جانب عوامی مارچ کا اعلان کردیا۔ہمیں روکا گیا تو نتائج کی زمہ دار حکومت ہوگی۔ طاقت کا جواب عوامی طاقت سے دیا جائے گا جو جیسا کرے گا اسے ویسا ہی جواب ملے گا۔پاکستان ہاو¿س میں پریس کانفرنس کرتے
ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ عوام 30 جنوری کو بڑی تعداد میں اپنے حق کی خاطر نکلیں۔ پاکستان چل ہی نہی رہا، وفاقی اور صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے وزیر اعلیٰ پیپلز پارٹی سے ہے، جب تک یہ وزیر اعلیٰ ہوں تب تک پنجاب، اسٹیبلشمنٹ اور وفاق سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا لیکن جب سندھ کو حقوق دینے کی بات آتی ہے تو تمام وسائل اور اختیارات پر قابض ظالم حکمران عوام سے جھوٹ بولتے ہیں کہ پنجاب، اسٹیبلشمنٹ اور وفاق تمہارا حق مارہا ہے، پھر یہ نوجوانوں سے ہتھیار اٹھواتے ہیں، سندھو دیش کے نعرے لگوا کر اسٹیبلشمنٹ اور وفاق کو بلیک میل کرتے ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی بداعمالیوں کے باعث سندھ کا معاملہ اب کوئی علاقائی معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ پاکستان کی قومی سلامتی، معیشت اور سالمیت کے لیے واضح خطرہ بن گیا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی پیپلز پارٹی کا پردہ چاک کر رہی ہے۔