ڈاوس: چینی صدر کی محاذ آرائی پر سخت نتائج کی دھمکی

394
بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ ڈاوس کے اجلاس سے آن لائن خطاب کررہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کا مطالبہ کردیا۔ ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب میں انہوں نے محاذ آرائی پر سخت نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تصادم کے تباہ کن اثرات ہوں گے۔ صدر شی نے کسی ملک کا نام لیے بغیر نظریاتی دشمنی کو ہوا دینے، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی مسائل پر سیاست کرنے کے خلاف بھی خبردار کیا۔ انہوںنے کہا کہ تاریخ نے بار بار ثابت کیا ہے کہ محاذآرائی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ اعتماد اور تعاون کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی عالمی وبا کو شکست دی جا سکتی ہے۔ چین پر بھی بحیرہ جنوبی چین میں اپنے علاقائی دعوؤں کے تحت چھوٹے ممالک کے ساتھ تنازعات میں دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ چینی صدر عالمی اقتصادی فورم کے پہلے روز آن لائن خطاب کر رہے تھے، جو ہر سال سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقد ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ صدر شی کا یہ بیان چین اور امریکا کے مابین بڑھتے مختلف تنازعات کے جواب میں سامنے آیا ہے۔