کراچی سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس جرنلسٹس کی تنظیم ” سجاک ” کا قیام عمل میں آگیا

470

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 3 کروڑآبادی پر مشتمل میگا میٹرو پولیٹن سٹی “منی پاکستان” کہلایا جانے والا “شہرکراچی” اب دنیائے کھیل میں بھی اپنی شناخت کے ساتھ کھیلوں سے وابستہ صحافی برادری کی نمائندگی کرے گا۔ صحافیوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور منتظمین کے ساتھ زیادتیوں کے خلاف آواز حق بلند کرے گا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روزکراچی سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس جرنلسٹس کا اجلاس ہوا اور طویل بحث و مباحثہ کے بعد بالاخر “اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف کراچی”(سجاک) کے نام سے تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا۔شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس سے پیش رو جو تنظیمیں بنیں اور انہوں نے اپنی اپنی بساط کے مطابق کام کیے یا کررہے ہیں میں ہونے والی غلطیوں کو نئی تنظیم میں نہیں دہرایا جائے گااور ڈکٹیٹر شپ کے بجائے آئین، اخلاقی ضابطے اور سب سے بڑھ کر دین اسلام کے شعائر کا ترجیح بنیادوں پر خیال رکھا جائے گا اور شتر بے مہار کے بجائے اصولوں کی بنیاد پر معاشرے میں کھیلوں کی ترویج اور پیچیدہ مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔ بلیک میلنگ، اسکینڈلز اور جھوٹ کی سیاست کو مکمل طور پر “سجاک”سے پاک رکھا جائیگا۔ آخر میں کنوینر سید وزیر علی قادری نے اعلان کیا کہ جلد ممبر سازی، آئندہ کا لائحہ عمل اور آئین کی منظوری ، انتخابات کا انعقاد، کراچی سمیت پاکستان اور بین الاقوامی کھیلوں کی تنظیموں سے رابطہ کرکے انہیں تنظیم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا جائے گا۔ سجاک کے کنوینر نے تمام اسپورٹس صحافیوں کا جن کا تعلق کراچی سے ہے آگے آنے کو کہا اور اس پلیٹ فارم سے اپنی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کے لیے کندھے سے کندھا اور قدم سے قدم ملانے پر زور دیا جس سے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور “سجاک” کی چھتری تلے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر حال اور مستقبل کو سنواریں گے۔