ماتلی:مضر صحت کوکنگ آئل کا غیر قانونی کاروبار جاری

132

ماتلی(نمائندہ جسارت) ضلع ٹنڈو محمد خان میں قائم فارمی مرغیوں کی انتڑیوں اور دیگر عضلات سے کوکنگ آئل تیار کر کے دیہی علاقہ میں سپلائی کرنے کا غیر قانونی کاروبار عرصہ دراز سے جاری ہے۔جعلی مضر صحت کوکنگ آئل منشیات کی طرح نسل انسانی کی صحت کو تباہ کرنے کا سبب بن رہا ہے۔فیکٹری ضلع دادو کے ایک بااثر شخصیت کی ملکیت بتائی جاتی ہے۔ متذکرہ ضلع کی حدود میںجعلی کوکنگ آئل تیار کرنے والی منی فیکٹری کی نشاندہی کرنے والے ٹنڈو غلام حیدر کے صحافی مرتضیٰ لغاری کو بااثر شخصیت کی جانب سے خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں تھیں۔ چند روز قبل متارو پولیس چیک پوسٹ پر مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑا گیا تھا۔اطلاع ملنے پر فوڈ ڈپارٹمنٹ حیدرآباد کی ٹیم بھی متارو چیک پوسٹ پر پہنچی ۔ٹیم کے پہنچنے سے قبل بااثر شخص کا ڈنڈا کام دکھا گیا اور مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک چیک پوسٹ کے اہلکاروں کے سامنے دوسری گاڑی میں خالی کر کے گنتی کی چند مردہ مرغیاں پکڑے جانے والے ٹرک میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کے لیے چھوڑ دی گئیں۔ اب دوبارہ مقامی صحافی غلام مرتضیٰ لغاری کو جھوٹے کیسوں میں پھنسانے کے لیے بااثر شخصیت کی جانب سے دھمکیاں دینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔سماجی اور صحافتی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ مضر صحت کوکنگ آئل کی شکل میں صحت انسانی کو تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔