پی پی قیادت نے بنیادی سہولتوں کے ساتھ امن بھی چھین لیا،راشد سومرو

481

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) جمعیت علماء اسلام سندھ کے جنرل سیکرٹری مولانا راشد خالد محمود سومرو، ضلعی امیر مولانا ناصر خالد محمود سومرو اور جنرل سیکرٹری محبت کھوڑو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اپنے حلقے لاڑکانہ کو ٹھیک نہ کرسکے، لاڑکانہ شہر میں بد امنی عروج پر، مجرموں، چورں ،ڈاکوؤں اور مبینہ قبضہ مافیا کے لیے دبئی بن گیا، بجلی، گیس لوڈشیڈنگ، بے روزگاری سمیت کافی مسائل کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، پاکستانی عوام پہلے ہی مہنگائی سے بہت تنگ آچکے ہیں منی بجٹ کے پاس ہونے پر ایک اور مہنگائی کا خودکش حملہ کردیا گیا، عوام کی قوت برداشت ختم ہوگئی، روز مرہ ضروریاتِ زندگی کی قوت خرید جواب دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری، تجارتی اور غریب طبقہ غیر محفوظ، شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی شہر میں تشویش کی لہر، چوروں، لٹیروں اور قبضہ مافیا کا شہر کے راستوں اور محلوں پر قبضہ ہے، پولیس تھانوں تک محدود ہوچکی، حیدری تھانہ کی حد ایوب کالونی لٹیروں کے لیے جنت بن گئی، یہ دن بھی آگئے جو پہلے واپڈا والوں کی زیادتیاںاور اب میٹروں کی بھی چوری ہونے لگی، ایوب کالونی میں ٹرانسفر سے کئی میٹر چوری ہوگئے، حکمران عوام کو بنیادی سہولیات نہ دے سکے، چوریاں، لوٹ مار، فحاشی، منشیات، قبضہ خور اور بتاخور عوام کے لیے عذاب بن گئے، آفیسرز اور پولیس نے چند ٹکوں کے لیے مجرموں کے ساتھ مل کر غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لیے کوئی داد رسی کرنے والا نہیں، پہلے ہی ملک میں بے روزگاری، بڑہتی ہوئی مہنگائی اور بدامنی ہے، دو وقت کی روٹی بھی شاید اب مشکل سے مل رہی ہے، عوام اب پکار رہے ہیں ہے کوئی مسیحا انقلابی جو عوام کے خون کے آنسوؤں کو تبدیل کرے اور ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ ضلع میں امن امان کی بدترین صورتحال ہے، لاڑکانہ کے شہریوں کی بری حالت کا ذمہ دار کون ہے؟ عوام اپنے گھروں، بچوں اور کاروبار کی حفاظت خود کریں، کرپشن کے بادشاہوں اور مافیا خور سے ڈیل کرکے کھلی چھوٹ دے کر عوام کو بدامنی کے دلدل میں پھنسادیا ہے، حکمران نیند میں ہیں، انتظامیہ مکمل ناکام ہے، پورے ضلع کے عوام گھروں میں بھی غیر محفوظ ہیں، پولیس کی بہتر کارکردگی کا نہ ہونا اور مجرموں کوکھلی چھوٹ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، پی پی کی قیادت نے شہریوں کو صفائی ستھرائی، ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولتوں سے تو پہلے ہی محروم رکھا ہوا ہے لیکن اب امن بھی چھین لیا ہے۔