نااہلی اور کرپٹ حکومت کا خاتمہ ناگزیر ہے،مراد علی شاہ

332

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اپنی والدہ کی برسی کی تقریب میں شرکت کےلیے اپنے آبائی گاﺅں واہڑ تعلقہ سہون پہنچے جہاں انہوں نے اپنے والدین کے مزار پر حاضری دی اور ان کے بلند درجات و مغفرت کےلیے دعا کی بعد ازاں انہوں نے برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ، ایم این اے سکندر علی راہپوٹو، ایم پی اے سید صالح محمد شاہ، پی پی پی ضلع جامشورو کے صدر سید آصف شاہ، پی پی پی رہنما رئیس امان اللہ شاہانی، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد سید پیر محمد شاھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون علی ذوالفقار میمن ایس ایس پی جامشور جاوید بلوچ ودیگر معززین کے علاوہ عوام الناس کی بڑی تعدادبرسی کی تقریب میں شریک تھی۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا ہر کسی کا آئینی
حق ہے اور ہم کسی کو بھی پر امن احتجاج کرنے سے نہیں روکیں گے ،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے اقتدار میں آتے ہی ملک میں بحران ہی بحران ہیں، ہر سال آٹے کا بحران، چینی کا بحران اور اس مرتبہ کھاد کا بحران آیا ہے یہ نااہل اور کرپٹ ترین حکومت ہے جو ان کے اپنے لوگ ہی کہہ رہے ہیں اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بھی عوام پر اضافی بوجھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیپرا میں ہمارے نمائندے نے اس پر احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے پیسے وفاقی حکومت کو ادا کرنے چاہییں ایسی حکومت کا فوری طور پر خاتمہ ناگزیر ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو تشکیل دینے والے ہم تھے، ہم نے اس میں تجویز دی تھی کہ استعفوں کو آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا جو بعد میں ویسا ہی ہوا اور آپ سب نے دیکھا کہ پی ٹی آئی کو پنجاب اور سندھ سمیت کے پی کے اور کنٹونمنٹ کے انتخابات میں کیسی شکست ہوئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی پی پی بلاول زرداری نے 27 فروری سے جو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے ہم اس کی تیاری کر رہے ہیں۔