الیکشن کمیشن،150 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل

230

اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات جمع نہ کرنے پر وفاقی وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت150سے زائد ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 36، سینیٹ 3اور پنجاب اسمبلی کے 69،سندھ اسمبلی کے 14، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 21 جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 7 اراکین کی بھی رکنیت معطل کی ہے۔جن ارکان کی رکنیت معطل ہوئی ہے ان میں وفاقی وزیرمذہبی امور نور الحق قادری، وزیر مملکت فرخ حبیب، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل ہیں۔ان کے علاوہ فہمیدہ مرزا ، عامر لیاقت، راجا ریاض، صداقت عباسی، خالد مقبول صدیقی کی بھی رکنیت معطل ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اورسابق وزیراعظم رجا پرویز اشرف کی بھی رکنیت معطل کی گئی ہے۔پنجاب اسمبلی کے اویس لغاری اور بلوچستان اسمبلی سے سردار یار محمد رند کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک اور سینیٹر سکند رمندھرو کی رکنیت بھی معطل کی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ معطل اراکین اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی کسی بھی قسم کی قانون سازی میں بھی شریک ہوں گے۔