محکمہ تعلیم کے 2019-21 ء تک غیر حاضر ملازمین کے گرد گھیرا تنگ

181

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم کراچی ریجن میں 2019ء سے 2021ء تک کے دوران مفرور اور غیر حاضر ملازمین کے گر گھیرا تنگ، ڈائریکٹر سیکنڈری و پرائمری اسکولز نے سیکڑوں ملازمین کی فہرست سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کو پیش کردی، سیکرٹری غلام اکبر لغاری نے غائب ملازمین کے خلاف فوری محکمہ جاتی کارروائی کا حکم دیدیا، بدعنوان افسران کے ساتھ مبینہ رشوت کے عوض ڈیل کرکے غائب ہونے والے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں مفرور اور عادی غیر حاضر ملازمین کی فہرست ڈائریکٹر سیکنڈری و پرائمری اسکولز کراچی ریجن نے سیکرٹری غلام اکبر لغاری کے طلب کرنے پر فراہم کی جس کا سیکرٹری نے سخت نوٹس لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی جی (ایم اینڈ ڈی) شاہ میر علی بھٹو نے 2019 تا 2021 ملازمت سے غیر حاضر یا مفرور ملازمین کی تفصیلات شیئر کیں جبکہ مذکورہ رپورٹ ریفارم سپورٹ یونٹ نے بائیومیٹرک حاضری کے دوران غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کیلیے مرتب کی تھی۔ سیکرٹری نے کراچی ریجن کے ڈائریکٹر سیکنڈری و پرائمری اور ضلعی ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مفرور اور عادی غیر حاضر ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی فوری عمل میں لائیں اور اس کارروائی کی تفصیلات سے محکمہ تعلیم کو بھی آگاہ کیا جائے۔