پشاور میں فائرنگ‘ معروف عالم دین شیخ عبدالحمید شہید

316

پشاور/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف عالم دین شیخ عبدالحمید شہید اور ان کے بھائی زخمی ہو گئے۔ پشاور پولیس کے مطابق فقیرآباد میں 2 مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شیخ عبدالحمید اور ان کے بھائی شیخ محمد زخمی ہوگئے ان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شیخ عبدالحمید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوع کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے قاتلوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں امام ملت سلفیہ امیر جماعت غربااہلحدیث پاکستان ورئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ مولانا عبدالرحمن سلفی، شیخ الحدیث مولانا محمود احمد حسن، مولانا پروفیسر حافظ محمد سلفی، مولانا عبد العزیز نورستانی و دیگر علما اہلحدیث نے کہا ہے کہ پشاور میں ممتاز عالم دین مولانا شیخ عبد الحمید پر قاتلانہ حملے اور ان کی شہادت پر ملک بھر کے اہلحدیث عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ علما اہلحدیث نے اپنے بیان میں صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان ، چیف آف آرمی اسٹاف اور خیبرپختونخوا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔