حکومت ڈالر کی خرید وفروخت کے لیے موثر پالیسی بنائے ‘ چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم

359

راولپنڈی(کامرس ڈیسک)پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ڈالر نے ہماری معیشت کے گرد مضبوط شکنجہ ڈال رکھا ہے ،حکومت ڈالر کی خرید وفروخت کے حوالے سے ایک جامع اور موثر پالیسی بنائے ،ڈالر ز کی کمی کو دور کرنے کے لیے برآمدات کے موجودہ حجم کو دو گنا کرنے کیلئے قومی پالیسی کا اعلان کیا جانا چاہیے۔اپنے ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ حکومت کی بعض پابندیاں بلا جواز ہیں جس کی وجہ سے فارن ایکسچینج میں اضافہ نہیں ہو رہا ،حکومت ڈالر کی غیر قانونی اور بلیک میں خرید و فروخت پر ضرور گرفت کرے لیکن بلا جواز پابندیاں عائد نہ کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی خریداری کی وجہ سے بلیک مارکیٹ وجود میں آئی جس کا فری مارکیٹ سے ریٹ 5 روپے زیادہ ہوتا ہے جبکہ ہنڈی اور حوالہ کا فری مارکیٹ سے ریٹ 10 روپے زیادہ ہوتا ہے، اس صورتحال کے باعث پچھلے 3 ماہ سے 20 کروڑ ڈالر آمدنی کم ہوئی ہے ۔