غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

187

سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ پیر کوسندھ ہائیکورٹ میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کے خلاف دخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں ڈی ایم سی حکام اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے شہر میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور غیر قانونی پارکنگ فیس لینے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا کہ جگہ جگہ غیرقانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والے موجود ہیں اور پارکنگ فیس وصول کرنے والوں نے بدمعاش لوگ بٹھائے ہوتے ہیں، کسی کے پاس 20 روپے نہیں ہوتے تو یہ لوگ معزز شہری کو بے عزت کرتے ہیں، لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ جاتے ہیں تو یہ لوگ 20 روپے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا کہ پولیس والے کہتے ہیں ہمارا مسئلہ نہیں، ٹریفک پولیس کہتی ہے ہمارا مسئلہ نہیں۔عدالت نے سوال کیا کہ پارکنگ فیس وصول کرنے کا کیا طریقہ کار ہے؟ کسی کے گھر باہر گاڑی کھڑی ہو تو اس سے بھی فیس وصول کی جاتی ہے، عدالتی استفسار پر ڈی ایم سی کیماڑی کے وکیل نے کہا کہ اس قسم کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔عدالت نے مختلف گاڑیوں کی پارکنگ فیس کے حوالے سے نوٹی فکیشن طلب کیا جس پر ڈی ایم سی حکام نوٹی فکیشن نہ دے سکے، عدالت نے ڈی ایم سی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 31 جنوری تک ملتوی کردی۔