بغداد 2 دھماکوں سے لرز اٹھا،  دھماکوں میں بنکوں کو نشانہ بنایا گیا، متعدد افراد زخمی 

417

عراق کے دارالحکومت بغداد میں 2 دھماکے ہوئے ‘دھماکوں میں بنکوں کو نشانہ بنایا گیا ‘ متعدد افراد زخمی جبکہ دوسری جانب عراقی فورسز کی ایک کاروائی میں  داعش کے 70 دہشتگردوں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  ذرائع ابلاغ نے بغداد کی آپریشنل کمان کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ شہر کے الکرادہ علاقے میں دو بینکوں کو بموں کا نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بم دھماکوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے عراق کے صدر برہم صالح نے ٹویٹ کیا کہ حالیہ دنوں کے دوران بغداد میں ہونے والے دھماکے، دہشتگردانہ اور مجرمانہ اقدامات ہیں جو قابل مذمت ہیں، اس قسم کے حملوں اور دھماکوں کا مقصد عراقی عوام کی سکیورٹی اور ملکی استحکام کو نشانہ بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب عراق کی سیاسی قوتیں مل جل کر ایک متحدہ قومی حکومت بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس قسم کے مشکوک حملے ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے گزشتہ  رات صوبے دیالیٰ میں ایک آپریشن کرتے ہوئے 70 داعشی عناصر کو ہلاک کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ عناصر سکیورٹی فورسز پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ عراق میں دہشتگرد گروہ داعش شکست کھا چکا ہے لیکن ابھی بھی اس گروہ کے باقیات ملک کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جو موقع ملنے پر اپنی دہشتگردانہ کارروائیوں سے نہیں چوکتے۔ اس وقت عراقی فورسز ملک سے دہشتگرد عناصر کا قلع قمع کرنے پر کمربستہ ہیں اور ملکی سطح پرانکے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں۔